لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پنجاب حکومت کے منصوبے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ کو ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جانا پنجاب کے 14 کروڑ عوام کے لیے اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اپنی چھت اپنا گھر‘ منصوبہ دنیا کے پانچ بڑے منصوبوں میں شامل ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے شروع کیا اور اس کا مقصد صوبے کے مستحق خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس نوعیت کا اتنا بڑا عالمی اعزاز اس سے قبل کسی دوسری حکومت کو نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی عالمی سطح پر پذیرائی پنجاب حکومت کی جانب سے عوامی فلاح کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی عکاسی کرتی ہے۔