پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا اثر، کاروباری مراکز کے نئے اوقات کار مقرر

05:51 PM, 17 Sep, 2026

 اسلام آباد: عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث وفاقی حکومت نے کفایت شعاری اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے کاروباری مراکز کے اوقات کار مقرر کردیئے۔

 وفاقی حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز اور بازار رات 9 بجے بند ہوں گے، جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریبات کے مقامات رات 10 بجے بند کرنا ہوں گے۔

 ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس کے لیے رات 11 بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی۔ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کے علاوہ فارمیسیز، اسپتال، کلینکس، لیبارٹریز اور پٹرول پمپس کو اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

 حکومت نے بیکریز، تندور، دودھ و ڈیری شاپس، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور جم کو بھی استثنیٰ دے دیا ہے۔

 وفاقی حکومت کے مطابق نئے اقدامات کا مقصد پٹرولیم مصنوعات کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کے پیش نظر ایندھن اور توانائی کے استعمال میں کمی لانا ہے۔

مزیدخبریں