وزیراعلیٰ پنجاب کے ہیلتھ پراجیکٹ کی بڑی کامیابی: 2 کروڑ سے زائد مریضوں کو دہلیز پر طبی سہولیات فراہم

12:33 PM, 18 Apr, 2026

لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے فلیگ شپ ہیلتھ پراجیکٹ نے عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر دیئے۔ مختصر ترین مدت میں فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز کے ذریعے ریکارڈ 2 کروڑ 10 لاکھ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ان نتائج پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ اور ان کی پوری ٹیم کو شاباش دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت منعقدہ ایک خصوصی جائزہ اجلاس میں ہیلتھ پراجیکٹ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔     کلینک آن ویلزپروگرام کے ذریعے اب تک ایک کروڑ 82 لاکھ مریضوں کا کامیاب علاج کیا گیا، جبکہ 70 لاکھ الٹراساؤنڈ اور 12 لاکھ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے۔
 حکومت پنجاب نے 30 ہزار سے زائد مریضوں کو گھر بیٹھے انسولین، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کی مفت ادویات فراہم کیں، جو کہ اپنی نوعیت کی پہلی سروس ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریکارڈ مدت کے اندر 1217 مراکزِ صحت (Health Centers) کی مکمل ری ویمپنگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ ان مراکز کی بحالی سے دیہی اور پسماندہ علاقوں میں طبی سہولیات کا معیار بلند ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور گھر کی دہلیز پر طبی امداد کی فراہمی کا یہ سلسلہ مزید وسعت دیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ادویات کی ترسیل کے نظام کو مزید شفاف اور تیز رفتار بنایا جائے تاکہ مریضوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزیدخبریں