پنجابی مادری زبان اور لوک ورثے کی بقا؛ پلاک نے سال 2026 کا پہلا 'پرفارمنس نیوز لیٹر' جاری کر دیا

09:40 PM, 18 Apr, 2026

لاہور: پنجاب ادارہ برائے زبان، فن و ثقافت (پلاک) نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں اپنی نمایاں کامیابیوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا احوال ایک خصوصی نیوز لیٹر کی صورت میں جاری کیا ہے۔ یہ اشاعت پنجابی زبان کی تدریس، ادبی مکالموں اور فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لیے ادارے کی محنت کی عکاسی کرتی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پلاک محبوب عالم چوہدری کے مطابق، گزشتہ تین ماہ ادارے کے لیے انتہائی مصروف اور کامیاب رہے، جن کی تفصیلات نیوز لیٹر میں شامل ہیں۔ نئی نسل کے لیے پنجابی (گرمکھی) کلاسز کا باقاعدہ آغاز کیا گیا تاکہ مادری زبان کا رسم الخط محفوظ رہ سکے۔ تصوف اور سماجی موضوعات پر علمی نشستوں کے ساتھ ساتھ پنجابی ادیبوں کی نئی کتب کی اشاعت اور پبلیکیشن کمیٹی کے اہم فیصلے رپورٹ کا حصہ ہیں۔ پنجاب کی روایتی دستکاریوں، خطاطی اور میوزک پروگرامز کے ذریعے لوک ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا گیا۔
نیوز لیٹر میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ پلاک لائبریری کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے نادر کتب کے ذخیرے میں اضافہ کیا گیا ہے اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے تاکہ محققین اور طلبہ کو آن لائن رسائی حاصل ہو سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس نیوز لیٹر کا مقصد نہ صرف کارکردگی پیش کرنا ہے بلکہ عوام کو پنجاب کی بھرپور ثقافت میں حصہ لینے کی ترغیب دینا بھی ہے۔ ڈی جی پلاک نے عزم ظاہر کیا کہ پنجاب کی زبان اور آرٹ کے تحفظ کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مزیدخبریں