لاہور:یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد کی دواسازی کے معیار کے سوڈیم کلورائیڈ پر تحقیق کو پاکستان سائنس فاؤنڈیشن نے سائنسی معیار سے ہم آہنگ قرار دیتے ہوئے منتخب کر لیا ہے۔
ڈاکٹر محمد احمد نے اپنی تحقیق میں مقامی چٹانوں سے دواسازی کے استعمال کے قابل سوڈیم کلورائیڈ (نمک) تیار کرنے کی کوشش کی ہے، جو خاص طور پر گردے کے ڈائیلیسس جیسے علاج میں استعمال ہوتا ہے۔ ان کا مقصد سستا، قابلِ اعتماد اور مقامی سطح پر تیار کردہ طبی نمک فراہم کرنا ہے۔
پاکستان سائنس فاؤنڈیشن نے ملک بھر سے 1800 سے زائد تحقیقی منصوبوں میں سے صرف 80 کا انتخاب کیا، جن میں ڈاکٹر احمد کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ اس اقدام کو مقامی دواسازی صنعت کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔