لاہور: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی، جس میں انتخابی اصلاحات اور انتخابات کے عمل میں بہتری کے لیے مختلف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں انتخابی عمل کو مزید شفاف بنانے، اصلاحات کے نفاذ اور عوام کا جمہوری نظام پر اعتماد بڑھانے سے متعلق امور زیر غور آئے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، اسی نظام میں بہتری لانا ہی ملکی مفاد میں ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ایسا ضابطہ اخلاق تیار کیا جائے جس سے انتخابی شفافیت میں اضافہ ہو، سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے لیے واضح اصول وضع ہوں اور عوام کا جمہوری عمل پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ شفاف اور قابل اعتماد انتخابات جمہوری نظام کے استحکام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، اس لیے انتخابی اصلاحات کے عمل کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانا ضروری ہے۔