رمضان المبارک: پنجاب بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات، 83 ہزار سے زائد نفری تعینات کرنے کا فیصلہ

11:14 AM, 18 Feb, 2026

لاہور : آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں رمضان المبارک کے دوران صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عبادت گاہوں اور حساس مقامات کے لیے جامع سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی۔
بریفنگ کے دوران آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ ماہِ مقدس میں شہریوں کی حفاظت کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں، لاہور سمیت صوبہ بھر کی 32 ہزار سے زائد مساجد، 2 ہزار سے زائد امام بارگاہوں اور 500 سے زائد اقلیتی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کا فول پروف پلان تیار ہے۔ مجموعی طور پر 83 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضا کار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
آئی جی راؤ عبدالکریم نے افسران کو ہدایت کی کہ مساجد اور امام بارگاہوں کے داخلوں پر سی سی ٹی وی کیمروں اور میٹل ڈیٹیکٹرز کا استعمال یقینی بنایا جائے۔
 سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں بازاروں اور مساجد کے گرد گشت (Patrolling) میں اضافہ کیا جائے۔ افطاری کے وقت ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔

مزیدخبریں