لاہور : صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے لاہور کے مختلف سرکاری سکولوں کا اچانک دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انتظامی کوتاہیوں اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر وزیر تعلیم نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران طالبات نے آئی ٹی (IT) ٹیچر نہ ہونے کی شکایت کی۔رانا سکندر حیات نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن کو موقع پر ہی ہدایت جاری کی کہ سکول میں آئی ٹی ٹیچر کی دستیابی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔
طلبہ نے وزیر تعلیم کو بتایا کہ سکول میں پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے، جس پر انہوں نے شدید ناراضی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو فلٹریشن پلانٹ کی درستگی اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات کا حکم دیا۔
وزیر تعلیم نے مزنگ سکول کے دورے کے دوران واش رومز کی صفائی کی ابتر صورتحال اور گندگی دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سکول انتظامیہ کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی صحت اور صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے لاہور کے سکولوں پر اچانک چھاپے: سہولیات کے فقدان پر برہمی، فوری ایکشن کے احکامات
02:01 PM, 18 Feb, 2026