"پروپیگنڈا ماسٹر کا بھانڈا پھوٹ گیا": عظمیٰ بخاری 

02:19 PM, 18 Feb, 2026

لاہور :صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بانی پی ٹی آئی پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا سیاسی کیریئر صرف جھوٹے پروپیگنڈے اور کہانیوں پر ٹکا ہوا ہے، وہ ہر اس جگہ مظلوم بننے کی کوشش کرتے ہیں جہاں ان کی چوری پکڑی جائے۔
عظمیٰ بخاری نے بانی پی ٹی آئی کے بدلتے ہوئے بیانات پر طنز کرتے ہوئے کہا باہر تھے تو زہر کا ڈر تھا، جیل گئے تو قتل کا واویلا شروع کر دیا۔ یہ شخص بار بار بیان بدلنے کا ماہر ہے اور ہر بار اس کا جھوٹ بے نقاب ہوتا ہے۔ان کا گھڑی کے ساتھ تو چولی دامن کا ساتھ ہے۔ دنیا کے لیے آنکھ کا مسئلہ ہوگا لیکن بانی پی ٹی آئی کا سارا دھیان تو گھڑی کی سوئیوں پر تھا جو اب رک چکی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کی 'رہائی فورس' کے قیام کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا رہائی فورس کا مقصد ملک میں اصلاح نہیں بلکہ فتنہ و فساد پھیلانا ہے۔ جیل سے آنے والا ہر پیغام ریاست سے لڑنے اور اداروں کو نشانہ بنانے کے لیے ہوتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی فرعونیت کی آخری اسٹیج پر ہیں، جہاں وہ ہر قانونی کارروائی کو اپنے خلاف سازش قرار دے رہے ہیں۔

مزیدخبریں