شدید دھند کے باعث پنجاب میں نظامِ ٹریفک درہم برہم، لاہور سمیت کئی موٹرویز بند

09:49 AM, 18 Jan, 2026

لاہور :پنجاب کے مختلف میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے ہیں۔ لاہور اور گرد و نواح میں حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے سبب موٹروے پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت متعدد موٹرویز اور اہم راستوں پر ٹریفک بند کر دی ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک بند کر دی گئی ہے، جبکہ ایم تھری فیض پور سے سمندری اور ایم فور پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ تک ٹریفک معطل ہے۔ اسی طرح لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 پر بھی دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک روک دی گئی ہے۔ لاہور ایسٹرن بائی پاس پر بھی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب قومی شاہراہ کے مختلف علاقوں میں دھند کی شدت برقرار ہے۔ لاہور، مانگا منڈی، پھول نگر، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، کسوال اور اقبال نگر میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں اور دورانِ سفر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔ حکام کے مطابق دھند میں کمی آنے کے بعد صورتحال کا دوبارہ جائزہ لے کر راستے کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

مزیدخبریں