لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈے پر عملی اقدامات جاری ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے کی جیلوں میں قیدیوں کی ذہنی صحت اور بحالی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے 32 جونیئر سائیکالوجسٹس کی انڈکشن ٹریننگ مکمل کر لی ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ داخلہ کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریبِ تقسیم اسناد منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی چیئرپرسن کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق تھے۔
تقریب میں آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر، ڈی آئی جی سالک جلال، ڈی آئی جی نوید رؤف، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ، ڈائریکٹر پروبیشن اینڈ پیرول عارف عزیز، ڈپٹی سیکرٹری پریزن تہنیت بخاری اور سینئر سائیکالوجسٹ پریزنز سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت قیدیوں کی ذہنی صحت، بحالی اور بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین نفسیات کی تعیناتی جیل ریفارمز کے حوالے سے ایک انقلابی قدم ہے جو قیدیوں کی اصلاحی و نفسیاتی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ اقدام جیل اصلاحات کے تحت قیدیوں کو محض سزا یافتہ مجرم کے طور پر نہیں بلکہ معاشرے کا قابلِ اصلاح فرد تصور کرتے ہوئے بحالی کا موقع فراہم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔