لاہور:اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ مجموعی طور پر 7 مختلف کارروائیوں کے دوران 205.291 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 1 کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
منشیات کی اسمگلنگ کی سب سے اہم کوشش علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر ناکام بنائی گئی، جہاں عمرہ کی ادائیگی کے لیے جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 94 کیپسولز برآمد کیے گئے، جن میں 0.562 کلوگرام ہیروئن اور 0.219 کلوگرام آئس بھری ہوئی تھی۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ برآمد شدہ منشیات کو بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورک سے منسلک کیا جا رہا ہے، جس کے ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے۔
یہ کارروائیاں اے این ایف کی جانب سے ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی چوکسی اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہیں۔