لاہور:گڑھی شاہو پولیس نے پتنگ فروش مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران پولیس نے گڑھی شاہو چوک سے دونوں ملزمان کو دھر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 365 سے زائد پتنگیں اور 8 ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئیں۔ پتنگ بازی پر عائد پابندی کے باوجود یہ عناصر خفیہ طور پر پتنگیں فروخت کر رہے تھے۔
ترجمان گڑھی شاہو پولیس کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے، اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ علاقے میں مزید کارروائیاں جاری رکھنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کر دیا ہے۔