مظفرگڑھ میں فیملی ایجوکیشنل میلہ، صحت، آگاہی اور تفریح کا حسین امتزاج

05:59 PM, 19 Aug, 2025

مظفرگڑھ میں فیملی ایجوکیشنل میلہ، صحت، آگاہی اور تفریح کا حسین امتزاج
مظفرگڑھ میں فیملی ایجوکیشنل میلہ، صحت، آگاہی اور تفریح کا حسین امتزاج

مظفرگڑھ :محکمہ صحت و آبادی مظفرگڑھ کے زیر اہتمام اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے فیاض پارک میں ایک خوبصورت "ایجوکیشنل فیملی میلہ" کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں فیملیز، بچوں، اساتذہ، سرکاری افسران اور سماجی کارکنوں نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی اور اسسٹنٹ کمشنر خضر ظہور تھے جنہوں نے اپنی موجودگی سے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ تقریب کی ابتدا تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوئی، جس کے بعد باقاعدہ سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔

میلہ میں شہریوں کے لیے نہ صرف تفریحی سرگرمیاں رکھی گئیں بلکہ اہم سماجی پیغامات بھی دیے گئے۔ بچوں کے لیے جھولوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا، خواتین کے لیے مہندی اور بوتیک سٹالز لگائے گئے جبکہ نوجوانوں نے جھومر پارٹی، ملی نغمے اور میوزیکل چیئر جیسی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔

خصوصی دلچسپی کا مرکز "صحت مند بچوں کا مقابلہ" تھا جس میں بچوں کی ذہنی و جسمانی فٹنس کا جائزہ لیا گیا اور جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

محکمہ صحت و آبادی کی جانب سے خاندانی منصوبہ بندی، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت اور دیگر موضوعات پر آگاہی دینے والے سٹالز بھی لگائے گئے۔ ان سٹالز کا مقصد عوام میں شعور اجاگر کرنا تھا کہ "بچوں کی پیدائش میں وقفہ رکھنا نہ صرف ماں کی صحت کے لیے بہتر ہے بلکہ ایک خوشحال خاندان اور معاشرے کی بنیاد بھی ہے۔"

تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے کامیاب بچوں میں انعامات تقسیم کیے اور شرکاء کو یہ پیغام دیا کہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم آبادی اور وسائل میں توازن قائم کرنے کے لیے مثبت کردار ادا کریں، تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک خوشحال اور صحت مند پاکستان مل سکے۔

شرکاء نے اس میلے کو معلوماتی، تفریحی اور معاشرتی شعور اجاگر کرنے والا کامیاب ایونٹ قرار دیا۔

مزیدخبریں