تحریک انصاف کو ضمنی انتخابات کے لیے امیدوار نہیں مل رہے، عظمیٰ بخاری کا دعویٰ

07:34 PM, 19 Aug, 2025

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے امیدوار دستیاب نہیں، جس سے پارٹی کی اندرونی کمزوری ظاہر ہوتی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے علیمہ خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں حالیہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو بھاری مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد بانی تحریک انصاف نے سیاسی میدان سے راہ فرار اختیار کی۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ہر حلقے سے درجنوں امیدوار سامنے آ رہے ہیں، جو پارٹی کی مقبولیت اور کارکنوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام نے نفرت پر مبنی سیاست کو مسترد کر دیا ہے، اور اب شیر کا نشان ہی عوام کی اولین ترجیح بن چکا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے دعویٰ کیا کہ مریم نواز کی ایک سالہ قیادت اور کارکردگی نے مسلم لیگ (ن) کو نئی سیاسی بلندیوں پر پہنچایا ہے، اور پارٹی تیزی سے عوامی حمایت حاصل کر رہی ہے۔

مزیدخبریں