ہاکی کے فروغ کے لیے بڑا اقدام، پنجاب کے تمام سکولوں میں ہاکی سامان اور کٹس فراہم کرنے کا اعلان

07:42 PM, 19 Aug, 2026

لاہور: قومی کھیل ہاکی کے فروغ اور نوجوان نسل کو کھیل کی جانب راغب کرنے کے لیے سپورٹس بورڈ پنجاب نے صوبے بھر کے سکولوں میں ہاکی کا سامان اور کٹس فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس بورڈ پنجاب عابد شوکت کی زیرِ صدارت ہاکی کے سامان کی تقسیم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر کے سکولوں میں ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے اور نوجوان کھلاڑیوں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی کھیل ہاکی کی ترقی کے لیے پنجاب کے تمام ڈویژنز میں مرحلہ وار ہاکی کا سامان اور کھیلوں کی کٹس تقسیم کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد سکول کی سطح پر ہاکی کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو اس قومی کھیل کی طرف راغب کرنا ہے۔

سپورٹس بورڈ پنجاب کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں 21 اگست کو ہاکی کا سامان اور کٹس تقسیم کی جائیں گی، جبکہ دیگر ڈویژنز میں بھی مرحلہ وار سامان کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سکول کی سطح پر سہولیات کی فراہمی سے ہاکی کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں مدد ملے گی اور قومی کھیل کو ایک مرتبہ پھر مقبول بنانے کی راہ ہموار ہوگی۔

مزیدخبریں