لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے میں شعبہ نرسنگ کی بہتری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے محکمہ صحت پنجاب نے اہم پیش رفت کی ہے۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور آغا خان یونیورسٹی کے درمیان نرسنگ کے شعبے میں تعاون کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔
اس حوالے سے ایم او یو کی تقریب محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں منعقد ہوئی، جہاں پنجاب نرسنگ اینڈ ہیلتھ ورک فورس ریفارم پروگرام اور آغا خان یونیورسٹی کراچی کے نمائندوں نے معاہدے کی یادداشت کا تبادلہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب نرسنگ اینڈ ہیلتھ ورک فورس ریفارم پروگرام اور آغا خان یونیورسٹی کے درمیان معاہدے کو سراہتے ہوئے اسے شعبہ نرسنگ کی بہتری اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کی جانب اہم سنگِ میل قرار دیا۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ آغا خان یونیورسٹی کی شعبہ صحت اور تعلیم میں خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ نظامِ صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے حکومت پنجاب شعبہ نرسنگ کی بہتری کے لیے بنیادی اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے حال ہی میں ہزاروں نرسوں کی بھرتی کا عمل مکمل کیا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نرسنگ کے پیشہ ور افراد کو اعلیٰ تعلیمی قابلیت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی معیار کی تدریس اور جدید طریقۂ تعلیم و تربیت سے بھی آراستہ کیا جانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آغا خان یونیورسٹی کے ساتھ تعاون سے نرسنگ کی تعلیم، تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے گی، جس کے مثبت اثرات پنجاب کے نظامِ صحت پر بھی مرتب ہوں گے۔