ڈیجیٹل چالان ادا نہ کرنے والوں کے لیے مشکلات میں اضافہ، اہم سرکاری سروسز بند کرنے کی تجویز

07:51 PM, 19 Aug, 2026

لاہور: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد ڈیجیٹل چالانز کی عدم ادائیگی کرنے والوں کے لیے مزید مشکلات پیدا ہونے کا امکان ہے۔ ای چالانز کی طرح وارڈنز کی جانب سے کیے جانے والے ڈیجیٹل چالانز کی عدم ادائیگی پر بھی بعض پولیس سروسز فراہم نہ کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نے ون ایپ میں زیرِ التوا ڈیجیٹل چالانز کی مکمل تفصیلات شامل کرنے کے حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

مراسلے میں تجویز دی گئی ہے کہ ڈیجیٹل چالانز کی بروقت ادائیگی نہ کرنے والے شہریوں کے لیے بعض اہم سرکاری و پولیس سروسز کی فراہمی روکی جا سکے، جس کا مقصد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی حوصلہ شکنی اور چالانز کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانا ہے۔

تجویز کے مطابق ون ایپ میں شہریوں کے زیرِ التوا ڈیجیٹل چالانز کی مکمل معلومات دستیاب ہونے سے متعلقہ ریکارڈ تک رسائی آسان ہو جائے گی اور شہری اپنے واجب الادا چالانز سے بھی باخبر رہ سکیں گے۔

حکام کی جانب سے اس تجویز پر مزید غور اور ضروری کارروائی کے بعد حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

مزیدخبریں