لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبے میں گورننس کو مضبوط بنانے کے فیصلے کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں کھلے مین ہول، مہنگائی، آوارہ کتے، وال چاکنگ، ابلتے نالے اور دیگر مسائل کی نگرانی پر بات ہوئی۔
پہلی بار صوبے کے سرکاری اداروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے پنجاب پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ قائم کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز ڈیش بورڈ کے ذریعے پورے صوبے کی لائیو مانیٹرنگ خود کریں گی۔
ذرائع کے مطابق، اس اقدام کا مقصد صوبے کے ہر شہر میں شفاف اور مؤثر گورننس کو یقینی بنانا ہے اور سرکاری سٹاف اور افسران کی کارکردگی کی مستقل نگرانی ممکن بنانا ہے۔