لاہور : عید الفطر کے چاند کا انتظار اپنی جگہ، لیکن بازاروں میں خریداری کا جنون اپنے آخری اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ خواتین اور بچوں کی ٹولیوں نے مارکیٹوں کا رخ کر لیا ہے جہاں "وقت کم اور مقابلہ سخت" والی صورتحال نظر آ رہی ہے۔خواتین کے لیے عید کی تیاری کسی مشن سے کم نہیں۔ بازاروں میں جہاں نظر دوڑائیں، خواتین اپنے پہناوؤں کو مکمل کرنے میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔
کسی کو لباس کے ساتھ عین مطابق رنگ کی چوڑیوں کی تلاش ہے تو کوئی من پسند جوتوں کے لیے ایک دکان سے دوسری دکان کا چکر لگا رہی ہے۔ درزیوں سے کپڑے ملنے کے بعد اب دوپٹوں کی پیکو، لیسز اور بٹنوں کی خریداری کا مرحلہ تیزی سے جاری ہے۔
میک اپ کٹس اور میچنگ بیگز کی خریداری نے شاپنگ مالز کی رونقوں کو دوبالا کر دیا ہے۔اس شاپنگ سیزن میں سب سے زیادہ متحرک "بچہ پارٹی" نظر آ رہی ہے جن کے نخرے ساتویں آسمان پر ہیں۔بچوں نے والدین کو برانڈڈ کپڑوں، لائٹس والے جوتوں اور کھلونوں کی لمبی فہرستیں تھما دی ہیں۔
کارٹون کریکٹرز والے لباس اور فینسی ملبوسات کی مانگ میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس نے والدین کی جیبوں پر بھاری بوجھ ڈال دیا ہے۔
عید شاپنگ کا فائنل راؤنڈ: "وقت کم مقابلہ سخت"، بازاروں میں گہما گہمی عروج پر
03:22 PM, 19 Mar, 2026