لاہور: آئی جی پنجاب عبدالکریم نے عید الفطر اور چاند رات کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوبہ بھر میں انتہائی سخت سکیورٹی پلان کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔آئی جی پنجاب کے مطابق چاند رات پر شہریوں کے رش اور سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر مارکیٹوں اور اہم مقامات پر لیڈی پولیس سمیت 17 ہزار سے زائد افسر اور اہلکار تعینات ہوں گے۔
صوبائی دارالحکومت میں چاند رات کی سکیورٹی کے لیے 5 ہزار افسران اور اہلکار فرائض انجام دیں گے۔عید الفطر کے دن مساجد اور عید گاہوں میں سکیورٹی کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔پنجاب بھر میں عید الفطر کے 29 ہزار اجتماعات منعقد ہوں گے۔ ان اجتماعات کی حفاظت کے لیے 47 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹیاں انجام دیں گے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ حساس مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں اور واک تھرو گیٹس کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ ہوائی فائرنگ اور ون وہیلنگ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے۔
عید الفطر اور چاند رات: پنجاب پولیس کا سکیورٹی پلان مکمل، صوبہ بھر میں ہائی الرٹ
03:24 PM, 19 Mar, 2026