کالعدم تنظیم کے پرتشدد مظاہروں کے مقدمات میں پیش رفت؛ 1047 گرفتاریوں کا دعویٰ، 319 افراد فورتھ شیڈول میں شامل

03:10 PM, 19 Nov, 2025

لاہور: کالعدم تحریک لبیک کے حالیہ پرتشدد مظاہروں کے دوران درج مقدمات میں نامزد ملزمان کی گرفتاریوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں مجموعی طور پر 39 مقدمات دہشت گردی کی دفعات کے تحت جبکہ 526 مقدمات دیگر قوانین، خصوصاً لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر درج کیے گئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اب تک مختلف شہروں سے 1047 قائدین و کارکنان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں 19 ٹاپ لیڈرشپ، 22 سیکنڈ ٹئیر اور 51 تھرڈ ٹیئر قیادت شامل ہے، جبکہ 914 کارکنان کو مختلف کارروائیوں کے دوران حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق پرتشدد مظاہروں کے دوران تنظیم کی مالی معاونت کرنے والے 10 افراد اور سوشل میڈیا پر اکسانے یا تشہیر میں ملوث 31 ایکٹیوسٹ بھی گرفتار کیے گئے ہیں۔

مزید برآں، کالعدم تنظیم کے 319 قائدین اور متحرک کارکنان کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کر دیے گئے ہیں، جس کے تحت ان کی نقل و حرکت اور سرگرمیوں پر کڑی نگرانی رکھی جائے گی۔

آئی جی پنجاب نے تمام ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ نامزد اور نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست مخالف عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

مزیدخبریں