محکمہ داخلہ پنجاب: کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 43 واں اجلاس، سکیورٹی اقدامات اور فنڈز کی منظوری

08:13 PM, 19 Nov, 2025

لاہور:محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 43 واں اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء چوہدری شافع حسین اور صہیب احمد بھرتھ، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبہ بھر کی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پنجاب کو ناجائز اسلحے سے پاک کرنے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ پاکستان،سری لنکا اور زمبابوے کرکٹ سیریز کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی اجلاس میں لیا گیا۔

خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت دی کہ لاہور میں 26 تا 29 نومبر منعقد ہونے والے بین الاقوامی باکسنگ مقابلوں کے دوران مکمل سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی اپگریڈیشن کے لیے 62 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔

مزیدخبریں