لاہور:سیف سٹی اتھارٹی کے تحت ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی کی "ری یونفیکیشن ٹیم" نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور سوشل میڈیا کی مدد سے 12 گمشدہ بچوں کو تلاش کر کے ان کے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق، ساوتھ کینٹ سے لاپتہ ہونے والا 10 سالہ بچہ ایدھی سنٹر لاہور میں موجود تھا، جسے شناخت کے بعد اہل خانہ کے سپرد کر دیا گیا۔
ایک اور جذباتی لمحے میں، ننھی اقصیٰ جو ایک سال قبل لاپتہ ہو گئی تھی، سیف سٹی کی مدد سے ایدھی سنٹر لاہور سے بازیاب ہوئی اور اپنے والدین سے دوبارہ مل گئی۔
اسی طرح "میرا پیارا" ٹیم کی کاوشوں سے گجرات سے 8 سال قبل لاپتہ ہونے والی بچی آمنہ کو بھی اس کے والدین سے ملا دیا گیا، جس پر اہل خانہ اور اہل علاقہ نے ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
ری یونفیکیشن ٹیم جدید ٹیکنالوجی، AI اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے گمشدہ بچوں کی بازیابی کے لیے دن رات سرگرم عمل ہے، اور یہ کامیابیاں ان کی محنت اور جدید طریقہ کار کا نتیجہ ہیں۔