لاہور:پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے سموگ کے تدارک کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے تحت اے آئی بیسڈ کیمروں، ڈرونز اور ورچوئل پیٹرولنگ کے ذریعے صرف 3 روز میں 1,327 ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بغیر ترپال تعمیراتی سامان لے جانے والی 637 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 390 کو جرمانے جبکہ 146 کو وارننگ جاری کی گئی۔ اس کے علاوہ دھواں چھوڑنے والی 507 گاڑیوں کی نشاندہی پر 406 گاڑیوں کے چالان کیے گئے اور 29 کو وارننگ دی گئی، جبکہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے مجموعی طور پر 756 ای چالان جاری کیے گئے۔
کارروائی کے دوران بار بی کیو دھوئیں اور چمنیوں کی 120 خلاف ورزییاں بھی سامنے آئیں، جن پر 4 جرمانے اور 100 وارننگز جاری کی گئیں۔ ادھر بھٹوں سے دھوئیں کے اخراج کے 54 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 3 پر جرمانے، ایک بھٹہ سیل اور 21 کو وارننگ جاری کی گئی۔