لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور معاشی استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں ملکی مفاد کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے ذاتی و گروہی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ایک پیج پر آ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مزید سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
سردار سلیم حیدر نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں بڑی جماعتوں نے اپنے اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر صرف ملک و قوم کی خاطر اتحاد کیا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اس سیاسی ہم آہنگی کے ذریعے پاکستان کو جلد معاشی طور پر ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کریں گے۔
ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان نے گورنر پنجاب کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اکائیوں کے درمیان مضبوط رابطہ اور سیاسی استحکام ہی معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔
لیگ اور پیپلز پارٹی کا اتحاد ملکی ترقی کی ضمانت ہے، پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کریں گے: سردار سلیم حیدر
08:50 PM, 20 Apr, 2026