لاہور: پنجاب حکومت نے مون سون کے پیشِ نظر ممکنہ سیلابی صورتحال اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا ایک اہم اجلاس پی ڈی ایم اے (PDMA) ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے ضلعی انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کیں کہ مون سون کی بارشوں سے قبل تمام بڑے نالوں اور آبی گزرگاہوں کی ڈی سلٹنگ (صفائی) کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نکاسی آب کے راستوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی تاکہ شہروں کو ڈوبنے سے بچایا جا سکے ۔
اجلاس کے دوران ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے صوبائی وزیر کو فلڈ پلاننگ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں مانیٹرنگ کا نظام فعال ہے اور حساس علاقوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اربن فلڈنگ اور سیلاب سے بچاؤ کے لیے آئندہ کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی اشتراک بڑھانے کی تاکید کی تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں جانی و مالی نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔