لاہور: صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک پولیس کی سختی اور جدید مانیٹرنگ سسٹم کے باوجود شہری قوانین کی پاسداری کرنے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔ رواں سال کے ابتدائی تین ماہ کے اعدادوشمار نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
ٹریفک حکام کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، سال 2026 کے پہلے تین ماہ میں لاہور کے مختلف شاہراہوں پر سیف سٹی کیمروں کی مدد سے 4 لاکھ 31 ہزار ای چالان جاری کیے گئے۔ یہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ وارننگ اور جرمانوں کے باوجود ٹریفک سگنل توڑنے اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی کے رجحان میں کمی نہیں آئی۔
قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں پر مجموعی طور پر 96 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ای چالاننگ کا مقصد شہریوں میں نظم و ضبط پیدا کرنا ہے، تاہم اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ ابھی بھی بڑے پیمانے پر آگاہی اور سختی کی ضرورت ہے۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق، ای چالان کی بڑھتی ہوئی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ مانیٹرنگ سسٹم پوری طرح فعال ہے، لیکن شہریوں کو اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے خود ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔