تعلیمی ادارے اور صنعت اب ایک ساتھ؛ جی سی یونیورسٹی کے فارماسیوٹیکل اور کیمیکل کمپنیوں سے اہم معاہدے

09:03 PM, 20 Apr, 2026

  لاہور: گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (GCU) نے تعلیمی تحقیق کو عملی میدان سے جوڑنے کے لیے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے فارماسیوٹیکل اور کیمیکل کے شعبوں سے وابستہ ملک کی معروف مقامی کمپنیوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کر دیئے ہیں۔
اس اشتراک کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان موجود خلیج کو کم کرنا اور باہمی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔ معاہدے کے تحت یونیورسٹی اور صنعتی ادارے مشترکہ طور پر تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی کے تبادلے پر کام کریں گے، جس سے نہ صرف صنعتی پیداوار میں بہتری آئے گی بلکہ جدید سائنسی علوم کو بھی فروغ ملے گا۔
اس شراکت داری کا سب سے اہم پہلو طلبہ کے لیے انٹرنشپ اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ جی سی یو کے طلبہ کو اب معروف فارماسیوٹیکل اور کیمیکل لیبارٹریز میں کام کرنے کا تجربہ حاصل ہوگا، جس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہیں باآسانی روزگار میسر آسکے گا۔
جی سی یو انتظامیہ کے مطابق، یہ معاہدے "اکیڈمیہ انڈسٹری لنکیج" کے وژن کا حصہ ہیں تاکہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ مارکیٹ کی جدید ضروریات سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ملکی معیشت اور سائنسی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔

تقریب کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری اور مختلف صنعتی اداروں کے سربراہان نے باضابطہ طور پر معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کیے۔ اس اشتراک کے ذریعے یونیورسٹی اور صنعت کار مل کر تحقیق اور پیشہ ورانہ تربیت کے لیے کام کریں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری کا کہنا تھا کہ  "عصرِ حاضر کے چیلنجز اور بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ افرادی قوت تیار کرنے کے لیے جامعات اور کارپوریٹ سیکٹر کا باہمی تعاون اب ناگزیر ہو چکا ہے۔ ہم صرف ڈگریاں نہیں بانٹنا چاہتے بلکہ ایسے نوجوان تیار کرنا چاہتے ہیں جو مارکیٹ کی ضرورت ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس شراکت داری سے طلبہ کو صرف کتابی علم تک محدود رہنے کے بجائے لیبارٹریوں اور کارخانوں میں عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ اس اقدام سے فارغ التحصیل طلبہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں زیادہ اعتماد اور بہتر مہارتوں کے ساتھ داخل ہو سکیں گے، جو ان کے کیریئر کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں