کاہنہ اور لکھو کی میں لیسکو کا ایکشن؛ ڈائریکٹ سپلائی لگانے والے صارفین گرفتار، لاکھوں کے جرمانے

09:10 PM, 20 Apr, 2026

لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (LESCO) نے بجلی چوروں کے خلاف اپنی مہم تیز کر دی ہے، جس کے تحت لیسکو سدرن سرکل کی ٹیموں نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بجلی چوری میں ملوث افراد کو دھر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، کاہنہ کے علاقے میں لیسکو ٹیم نے ایک صارف کو 8 کلو واٹ لوڈ کے ساتھ براہِ راست (ڈائریکٹ) سپلائی سے بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ لیسکو حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اسے 12 ہزار 650 یونٹس کا ڈیٹیکشن بل بطور جرمانہ جاری کر دیا ہے۔
ایک اور کارروائی کے دوران لکھو کی کے علاقے میں بھی بجلی چوری پکڑی گئی، جہاں صارف 15 کلو واٹ کے بھاری لوڈ کے ساتھ بجلی چوری کر رہا تھا۔ لیسکو ٹیم نے کنکشن منقطع کر کے قانونی چارہ جوئی کا آغاز کر دیا ہے۔
لیسکو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بجلی چور قومی مجرم ہیں اور ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت تمام سرکلز میں روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ جاری ہے تاکہ لائن لاسز کو کم کیا جا سکے اور ایماندار صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

مزیدخبریں