سپیریئر یونیورسٹی میں "2030 کا پاکستان" کے موضوع پر سیمینار، پروفیسر چوہدری عبد الرحمن اور میاں عامر محمود کی خصوصی شرکت

02:44 PM, 20 Aug, 2025

لاہور: ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (APSUP) کے زیر اہتمام سپیریئر یونیورسٹی لاہور میں "2030 کا پاکستان: چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں" کے عنوان سے ایک اہم سیمینار منعقد ہوا، جس میں ملک کے معروف تعلیمی رہنما اور چیئرمین پنجاب گروپ، میاں عامر محمود نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ APSUP کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

سیمینار کا مقصد طلباء و طالبات کو پاکستان کے مستقبل، درپیش چیلنجز اور ممکنہ اصلاحاتی راستوں سے آگاہ کرنا تھا۔ میاں عامر محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ گورننس اور لیڈرشپ کا بحران ہے، جس پر قابو پائے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی نظامِ حکومت کو مؤثر بنانے کے لیے صوبائی گورننس میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ اگر ملک کی 33 ڈویژنز کو صوبوں کا درجہ دے دیا جائے تو نہ صرف حکومتی نظام زیادہ مؤثر ہوگا بلکہ عام شہری کے مسائل بھی بہتر انداز میں حل کیے جا سکیں گے۔ ان کے بقول، چھوٹے صوبے انتظامی شفافیت کو فروغ دیتے ہیں اور بدعنوانی کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔

اس موقع پر طلباء و طالبات نے بھی بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی اور سوال و جواب کے سیشن میں میاں عامر محمود سے اہم موضوعات پر مکالمہ کیا۔ شرکاء نے سیمینار کو معلوماتی، بصیرت افروز اور مستقبل کی رہنمائی کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا۔

تقریب کے اختتام پر چیئرمین APSUP، پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ایسوسی ایشن کی جانب سے یادگاری سووینیئر بھی پیش کیا۔

یہ سیمینار نہ صرف تعلیمی ماحول کو تازہ فکر فراہم کرنے کا ذریعہ بنا بلکہ اس نے نوجوان نسل کو قومی مسائل پر سنجیدہ مکالمے کا موقع بھی فراہم کیا، جو پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔

مزیدخبریں