لاہور: ربیع الاول کی بابرکت ساعتوں کا آغاز ہوتے ہی لاہور میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں زور پکڑ گئی ہیں۔ شہر کی مختلف مارکیٹوں میں سجاوٹ کا سامان شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
لاہور کی مارکیٹوں میں سبز جھنڈیوں، رنگ برنگی لائٹس، بینرز اور اسلامی ڈیزائن والے وال سٹیکرز سمیت مختلف سجاوٹی اشیا کی بھرمار ہے، جبکہ شہری اپنے گھروں اور گلی محلوں کو خوبصورت انداز میں سجانے کے لیے خریداری میں مصروف ہیں۔
بچے بھی اہلِ خانہ کے ہمراہ خریداری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ جشنِ میلاد النبی ﷺ کی خوشی میں بھرپور شرکت اور اپنے گھروں کو خوبصورت انداز میں سجانے کے لیے پُرجوش ہیں۔
دکانداروں کے مطابق ربیع الاول کے آغاز کے ساتھ ہی سجاوٹی سامان کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور شہری محبت و عقیدت کے ساتھ مختلف اشیا خرید رہے ہیں۔
بچوں اور نوجوانوں میں بھی میلاد کی سجاوٹ کے سامان میں خاصی دلچسپی دیکھی جا رہی ہے، جبکہ بازاروں میں جشنِ میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے رونقیں بڑھ گئی ہیں۔