ہر مہذب معاشرے کی بنیاد سماجی انصاف ہے، امیر و غریب کی خلیج معاشرتی مسائل کا سبب بن رہی ہے: مریم نواز

03:12 PM, 20 Feb, 2026

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی انصاف کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہر مہذب معاشرے کی بنیاد سماجی انصاف اور مساوات پر ہوتی ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت اس اصول پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو سماجی انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دینِ اسلام ہمیں سماجی انصاف، مساوات اور پرامن بقائے باہمی کی بہترین تعلیم دیتا ہے، جس پر عمل پیرا ہونا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ مریم نواز نے امیر اور غریب کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج کو معاشرتی مسائل کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فرق کو ختم کرنا ضروری ہے تاکہ معاشرے میں استحکام آ سکے۔
 انہوں نے خبردار کیا کہ جو معاشرے سماجی انصاف سے عاری ہوتے ہیں، وہ عالمی ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ایسے اقدامات اٹھا رہی ہے جس سے معاشرے کے پسماندہ طبقات کو برابر کے حقوق اور مواقع میسر آ سکیں۔

مزیدخبریں