ایل سی ڈبلیو یو کا تحقیقی میدان میں تاریخی اعزاز، 2025 کی سالانہ رپورٹ جاری

08:30 PM, 20 Jan, 2026

ایل سی ڈبلیو یو کا تحقیقی میدان میں تاریخی اعزاز، 2025 کی سالانہ رپورٹ جاری
ایل سی ڈبلیو یو کا تحقیقی میدان میں تاریخی اعزاز، 2025 کی سالانہ رپورٹ جاری
ایل سی ڈبلیو یو کا تحقیقی میدان میں تاریخی اعزاز، 2025 کی سالانہ رپورٹ جاری

لاہور:  لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی (ایل سی ڈبلیو یو) نے تحقیق، جدت اور کمرشلائزیشن کے شعبے میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نیا اعزاز حاصل کر لیا ہے اور تحقیق کے میدان میں ملک کی صفِ اول کی وومن یونیورسٹی بن کر سامنے آئی ہے۔

آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) کی جانب سے جاری کردہ سال 2025 کی ابتدائی سالانہ رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی میں 475 تحقیقی مضامین شائع ہوئے، 75 تحقیقی منصوبے تیار کیے گئے جبکہ مختلف قومی و بین الاقوامی اداروں سے 40 ملین روپے کی تحقیقی گرانٹس حاصل کی گئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس یونیورسٹی کے 200 اساتذہ کو تحقیق اور جدت کے جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی گئی، 5 پیٹنٹ درخواستیں دائر کی گئیں، 30 تحقیقی و جدتی نمائشوں کا انعقاد کیا گیا اور ملکی و غیر ملکی اداروں کے ساتھ 31 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یہ نمایاں کامیابیاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی قیادت میں ممکن ہوئیں، جن کی سرپرستی میں ایل سی ڈبلیو یو نے تحقیق، اختراع اور ادارہ جاتی اشتراک کے شعبوں میں مضبوط بنیادیں قائم کیں۔

سالانہ رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی کی تحقیقی سرگرمیاں توانائی، موسمیاتی تبدیلی، سائنس و ٹیکنالوجی، اسٹیم و خلائی علوم، سماجی علوم اور فنون کے اہم شعبوں پر محیط ہیں اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) سے ہم آہنگ ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ORIC کی یہ رپورٹ خواتین کی اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور سماجی ترقی کے فروغ میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے مؤثر اور قائدانہ کردار کی عکاسی کرتی ہے۔

مزیدخبریں