لاہور: بسنت کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے لاہور میں آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں گریٹر اقبال پارک میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، کمشنر لاہور مریم خان اور چیف ٹریفک آفیسر اطہر وحید نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران موٹر سائیکل سواروں میں حفاظتی انٹینا تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور نے کہا کہ بسنت کے دوران ٹریفک حادثات سے بچاؤ کیلئے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور بغیر حفاظتی انٹینا موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
بلال صدیق کمیانہ نے مزید کہا کہ ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی عائد ہوگی اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو پُرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون سے ہی محفوظ اور خوشگوار بسنت منائی جا سکتی ہے۔