اپنا گھر اور وطن چھوڑنا ایک کربناک مجبوری ہے، مریم نواز شریف

12:56 PM, 20 Jun, 2026

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مہاجر ہونا کوئی جرم نہیں بلکہ ایک ایسی کربناک مجبوری ہے جو انسان کو اپنی جان بچانے کے لیے اپنا گھر، اپنی مٹی اور اپنا آنگن چھوڑنے پر مجبور کر دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص اپنی مرضی سے پناہ گزین نہیں بنتا، بلکہ جنگ، تشدد اور بدامنی کے باعث لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور شام کے دربدر مہاجرین کا المیہ پوری انسانیت کے لیے ایک کڑا امتحان ہے اور عالمی برادری کو ان کی مشکلات کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی روایات کے مطابق محدود وسائل کے باوجود لاکھوں مہاجرین کی فراخدلی اور باعزت انداز میں میزبانی کی ہے، جو انسان دوستی اور بھائی چارے کی روشن مثال ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ دنیا بھر میں امن قائم ہو، ظلم اور جبر کا خاتمہ ہو اور ہر انسان کو اپنے وطن اور اپنے گھر میں عزت، تحفظ اور سکون کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع میسر آئے۔

مزیدخبریں