اسلام آباد/لاہور: ملک کے طول و عرض میں مغربی ہواؤں کے طاقتور سلسلے نے موسم کی بساط پلٹ دی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور شدید ژالہ باری نے اپریل کے مہینے میں جنوری کی یاد تازہ کر دی ہے۔ گرمی کا نام و نشان مٹ گیا ہے اور ہر طرف ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے۔
ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابقْ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں بارش کے بعد نشیبی علاقے جل تھل ہو گئے، جبکہ ژالہ باری نے سڑکوں پر سفید چادر بچھا دی۔ مری، گلیات، سوات اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔
اچانک آنے والی اس تبدیلی نے شہریوں کو دوبارہ گرم کپڑے نکالنے پر مجبور کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات نے عید الفطر کے حوالے سے اپنی حتمی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے اہم نکات درج ذیل ہیں۔ عید کے تینوں دن ملک کے بیشتر حصوں میں موسم معتدل اور ٹھنڈا رہے گا، تپتی دھوپ کا کوئی امکان نہیں۔عید کے دوران بھی مطلع ابر آلود رہنے اور کہیں کہیں ہلکی بوند باندی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
مری اور دیگر سیاحتی مقامات کا رخ کرنے والوں کو پھسلن اور برف باری کے باعث غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔-