پنجاب میں پہلے ’سکل سٹی‘ کے قیام کا فیصلہ، وزیراعلیٰ مریم نواز نے منظوری دے دی

01:50 PM, 20 Mar, 2026

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کی تاریخ کے پہلے ’سکل سٹی‘ (Skill City) پراجیکٹ کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو روایتی ڈگریوں کے بجائے جدید صنعتی ضروریات کے مطابق فنی مہارت فراہم کرنا ہے۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پراجیکٹ کے لیے جامع تجاویز اور حتمی پلان فوری طور پر پیش کیا جائے۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں تکنیکی تعلیم کے نظام کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جائے گا۔
حکومتی فیصلے کے مطابق، سکل سٹی میں ایسے ٹیکنیکل ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ قائم کیے جائیں گے جو براہِ راست انڈسٹری کی طلب (Market Demand) کو پورا کریں گے۔ ان اداروں میں نوجوانوں کو محض کتابی علم نہیں بلکہ پریکٹیکل اور ٹیکنیکل ایجوکیشن دی جائے گی تاکہ وہ تعلیم مکمل کرتے ہی روزگار حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں۔
منصوبے کے تحت موجودہ سکل ایجوکیشن کے اداروں کی حالتِ زار کو بھی بہتر بنایا جائے گا اور انہیں ’سینٹر آف ایکسی لینس‘ کا درجہ دے کر جدید ترین مشینری اور لیبارٹریز سے لیس کیا جائے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کا نوجوان ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہے اور انہیں ہنر مند بنا کر ہی معاشی استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے۔ سکل سٹی کے ذریعے ہم ایسی افرادی قوت تیار کریں گے جو مقامی اور عالمی انڈسٹری کی پہلی پسند ہوگی۔

مزیدخبریں