لاہور : عیدالفطر اور چاند رات کے موقع پر صوبائی دارالحکومت کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب حکومت متحرک ہوگئی ہے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے اندرونِ شہر کا 'مورچہ' سنبھالتے ہوئے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا براہِ راست معائنہ کیا۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے ایس پی سٹی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ اندرونِ لاہور کی اہم مساجد، امام بارگاہوں اور گنجان آباد بازاروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی موجودگی اور ناکہ بندیوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ایس پی سٹی نے صوبائی وزیر کو علاقائی صورتحال اور تھریٹ پرسیپشن کے پیشِ نظر کیے گئے غیر معمولی حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی۔ بلال یاسین کو بتایا گیا کہ حساس مقامات پر اضافی نفری اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے انتظامیہ اور پولیس کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا عید کی خوشیوں میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ تمام اداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فول پروف سکیورٹی یقینی بنائیں۔ ڈیوٹی پر موجود اہلکار انتہائی الرٹ رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا سدباب کیا جا سکے۔
بلال یاسین نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ اندرونِ شہر جیسے حساس علاقوں میں سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
عید سکیورٹی: صوبائی وزیر بلال یاسین کا اندرونِ شہر کا ہنگامی دورہ، سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیا
07:00 PM, 20 Mar, 2026