وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کا دورۂ باکو؛ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے تاریخی پیش رفت

11:59 AM, 20 May, 2026

باکو:وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی باکو میں کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں پنجاب کے لیے نئی اقتصادی راہیں کھل گئی ہیں۔ اپنے دورۂ آذربائیجان کے دوران وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے وزیرِ اقتصادی امور سے ایک انتہائی اہم اور تفصیلی ملاقات کی، جس میں دونوں خطوں کے مابین معاشی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور ادارہ جاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر تفصیلی بات چیت کی۔ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب سرمایہ کاری کے لیے ایک بہترین اور سازگار مارکیٹ ہے، جہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
بات چیت کو عملی جامہ پہنانے اور تیز رفتار پیش رفت کے لیے ملاقات میں ایک بڑا فیصلہ کیا گیا۔ دونوں حکومتوں نے معاشی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو اس اہم مشترکہ ورکنگ گروپ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جو آذربائیجان کے حکام کے ساتھ مل کر سرمایہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دیں گی۔
اس کامیاب ملاقات اور ورکنگ گروپ کے قیام سے آنے والے دنوں میں پنجاب میں آذربائیجان کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے آغاز کی توقع کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں