لاہور: بچوں کے عالمی دن کے موقع پر وزیرِ صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن دنیا بھر میں بچوں کے حقوق، فلاح و بہبود اور روشن مستقبل کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ صحتمند اور محفوظ بچے ہی قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔
وزیرِ صحت نے کہا کہ بچوں کی صحت، تعلیم اور تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے ہر بچے کو معیاری صحت کی سہولیات، متوازن غذا اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ محکمۂ صحت و آبادی بچوں کی بہتر نشوونما کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات، ماں اور بچے کی صحت کے پروگراموں اور غذائیت کے منصوبوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو بیماریوں، تشدد اور استحصال سے محفوظ رکھنا حکومت کی لازمی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ صحت مند، تعلیم یافتہ اور محفوظ بچہ ہی ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔