خدیجہ شاہ کی سزا کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر

03:51 PM, 20 Sep, 2025


لاہور:  خدیجہ شاہ نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں اپنے خلاف دی گئی 5 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔

اپیل قانون دان سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی ہے، جس میں اے ٹی سی کورٹ کے جج اور مقدمہ کے مدعی کو فریق بنایا گیا ہے۔

اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خدیجہ شاہ کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور انہیں سیاسی بنیادوں پر جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جناح ہاؤس حملہ کیس میں 51 ملزمان شامل تھے، جن میں سے 21 کو عدالت نے بری کر دیا، 12 کو پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دیا گیا، جبکہ 18 کو سزائیں سنائی گئیں۔

خدیجہ شاہ کے خلاف عدالت نے 9 ستمبر کو 5 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جسے اپیل میں غیر قانونی، بدنیتی پر مبنی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

اپیل میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اے ٹی سی عدالت کا 9 ستمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

مزیدخبریں