پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا ہوں گے: چودھری عبدالرحمان

07:18 PM, 21 Aug, 2026

لاہور: گورنر ہاؤس لاہور میں ایپ سپ ایکسی لینس ایوارڈز 2026 کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اجتماعی عزم اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ایپ سپ کی جانب سے ایکسی لینس ایوارڈز کے ذریعے تعلیمی شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ ہمیں آج یہ عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کو مل کر آگے لے کر جائیں گے۔ اگر ہم اپنے مستقبل پر آج سے توجہ دینا شروع کردیں تو ملک ترقی کی نئی منزلیں حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پیارے رسول حضرت محمد ﷺ نے محدود وسائل کے باوجود دنیا میں عظیم تبدیلی برپا کی، ہمیں بھی واضح مقصد، عزم اور محنت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو پاکستان کا حقیقی اور مثبت چہرہ دکھانا چاہتے ہیں۔ پاکستانی قوم محبت کرنے والی اور مہمان نواز قوم ہے اور دنیا کو پاکستان کی ان مثبت خصوصیات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین ایپ سپ نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے ایپ سپ اپنے ہیروز کو ایکسی لینس ایوارڈز سے نوازتا آرہا ہے۔ وائس چانسلرز نے پاکستانی جامعات کو نمایاں مقام دلانے اور ملک کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جن کی خدمات پر پوری قوم کو فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال کی تقریب گزشتہ تقریبات سے منفرد ہے کیونکہ اکیڈمیا اور انڈسٹری کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے والے انٹرپرینیورز کو بھی سراہا جا رہا ہے۔ ایوارڈ حاصل کرنا صرف خوشی کا موقع نہیں بلکہ مزید ذمہ داری کا احساس بھی دلاتا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اس کے نوجوان ہیں۔ نوجوانوں میں ڈسپلن، تیز رفتاری اور اپنی ثقافت و تہذیب سے محبت کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا۔ یونیورسٹیوں کو چاہیے کہ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ انڈسٹری سے جوڑیں، کیونکہ مضبوط انڈسٹری اور معیاری یونیورسٹیاں ایک دوسرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسی تحقیق کرنی چاہیے جس کی مارکیٹ کو ضرورت ہے۔ ہم اپنے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ فوج، بیوروکریسی یا حکومت کی طرف نہیں دیکھ سکتے۔ اگر نوجوانوں کو مناسب مواقع اور رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ ملک کو بہت آگے لے جا سکتے ہیں۔

چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ نوجوانوں کو بہترین رول ماڈل کی ضرورت ہے اور حضرت محمد ﷺ سے بڑھ کر ہمارے لیے کوئی رول ماڈل نہیں ہوسکتا۔ نوجوانوں کو ایمانداری، صبر اور محنت کی اہمیت سمجھانا ہوگی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک کی ترقی کے لیے استعمال کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اکثر انگلینڈ، امریکا اور چین کی طرف دیکھتے رہتے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ انتظار کرنے کے بجائے خود پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایپ سپ کی جانب سے ’’سی پاکستان‘‘ ایونٹ بھی منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ملک بھر سے منتخب بہترین پروجیکٹس پیش کیے جائیں گے۔

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان کے مطابق ایونٹ میں دنیا بھر سے انفلوئنسرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے، جن کے لاکھوں فالوورز ہیں۔ ان کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اور ملک کی صلاحیتیں دنیا کے سامنے اجاگر کی جائیں گی۔ ایپ سپ کی جانب سے 21 اگست 2026 کو گورنر ہاؤس لاہور میں ایکسی لینس ایوارڈز کی تقریب منعقد کیے جانے کی تصدیق بھی کی گئی ہے۔

مزیدخبریں