پاکستانی نوجوان عالمی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں: چیئرمین ایچ ای سی

08:35 PM, 21 Aug, 2026

لاہور: چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، پاکستان کے طلبہ بڑی تعداد میں اسکالرشپس حاصل کر رہے ہیں اور مختلف عالمی مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کو ملک کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہوگا اور تحقیق کا رخ اپلائیڈ ریسرچ کی طرف لے جانا ہوگا تاکہ اس کے نتائج سماجی و معاشی ترقی کے لیے مؤثر ثابت ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیکل، انجینئرنگ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کئی اچھے ادارے موجود ہیں۔ اساتذہ اور تعلیمی ادارے جدید علوم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ نئے ادارے بھی اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

چیئرمین ایچ ای سی نے بتایا کہ پاکستانی تعلیمی نظام یورپ میں مسلسل پانچویں سال بھی دنیا میں سرفہرست رہا ہے۔ دنیا کی نمبر ون یونیورسٹی نے پاکستانی ڈگریوں کو تسلیم کیا ہے جبکہ ایم آئی ٹی میں اس وقت پاکستان کے تین طلبہ زیر تعلیم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال پاکستان سے 1450 ڈاکٹرز امریکہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جو پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں اور عالمی سطح پر ان کی طلب کا اظہار ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ یونیورسٹیوں کی جانب سے ٹیلنٹ ہنٹ اسکیم دوبارہ شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے ذریعے او اور اے لیول کے طلبہ کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے ایک طالب علم نے بائیولوجی میں عالمی سطح پر گولڈ میڈل حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے کراچی سے گلگت تک سفر کیا تو انہیں نوجوانوں میں بھرپور صلاحیت نظر آئی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ طلبہ کو تعلیم، تحقیق اور مطالعے کی جانب راغب کیا جائے اور ان کی صلاحیتوں کو ملکی ترقی کے لیے استعمال کیا جائے۔

چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ وائس چانسلرز اور ریکٹرز کی خدمات کو سراہنا ضروری ہے، کیونکہ وہ اپنے اداروں میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال ڈوئل اور جوائنٹ ڈگری پروگرامز شروع کیے گئے ہیں جبکہ لبرل آرٹس پالیسی بھی تعلیمی اداروں میں کام کر رہی ہے۔ عالمی اسکالرز کے ساتھ اشتراک کے لیے ایک خصوصی پورٹل بھی بنایا گیا ہے، جس سے پاکستانی جامعات اور عالمی ماہرین کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

مزیدخبریں