اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، سیاست میں نفرت نقصان دہ ہے:خواجہ سعد رفیق

04:39 PM, 21 Dec, 2025

لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک کی بنیاد گوریلا وارفیئر سے نہیں بلکہ عوام کی ووٹ کی طاقت سے رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جن سیاسی جماعتوں کو عوام نے بنایا، انہیں پذیرائی نہیں ملی جبکہ آئین پامال کرنے والوں کو ہیرو بنانے کی کوشش کی گئی۔

سابق وزیر نے مزید کہا کہ جاگیرداروں اور مشہور شخصیات کو قیادت دی گئی اور حقیقی سیاسی جدوجہد کرنے والوں کو دبایا گیا، لیکن انہوں نے اپنے مؤقف اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ریلوے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہوں نے محنت سے ادارے کو بہتر کیا، تاہم پانچ ماہ میں ان کی محنت کو ضائع کر دیا گیا۔

خواجہ سعد رفیق نے جیل سے رہائی کے بعد کہا کہ وہ انتقام کی سیاست نہیں کریں گے اور نفرت سے سیاست آگے نہیں بڑھتی بلکہ ملک اور جمہوریت کو بکھیرتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود سب کو مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ قومی ترقی اور جمہوری استحکام ممکن ہو سکے۔

مزیدخبریں