شہریوں کے لیے بڑی ریلیف: محکمہ ایکسائز نے ٹریفک پولیس کو سرکاری نمبر پلیٹ کے مطالبے سے روک دیا

12:58 PM, 21 Feb, 2026

لاہور : لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری نمبر پلیٹ نہ ہونے پر ٹریفک پولیس کے جرمانوں سے پریشان شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔ محکمہ ایکسائز پنجاب نے نمبر پلیٹس کے حوالے سے ایک اہم اور وضاحتی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔سینئر رپورٹر  نمائندہ  لاہور رنگ   ادریس شیخ کے مطابق محکمہ ایکسائز نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہریوں سے صرف سرکاری مینوفیکچرڈ نمبر پلیٹ کا مطالبہ نہ کرے اور اس بنیاد پر چالان کرنے سے گریز کرے۔ 
شہریوں کو اب سرکاری نمبر پلیٹ لگانے کی شرط سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔ اب شہری محکمہ ایکسائز کے مقرر کردہ قواعد و ضوابط (Specifications) کے مطابق بازار سے نمبر پلیٹ تیار کروا کر اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر لگا سکتے ہیں۔بازار سے تیار کردہ نمبر پلیٹ کا سائز، فونٹ اور ڈیزائن محکمہ ایکسائز کے جاری کردہ نمونے کے عین مطابق ہونا ضروری ہے۔
 محکمہ ایکسائز کی جانب سے سرکاری نمبر پلیٹس کی فراہمی میں تاخیر اور شہریوں کو ٹریفک پولیس کی جانب سے ہونے والے بھاری جرمانوں کے پیشِ نظر یہ عوامی دوست فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے ہزاروں زیرِ التوا نمبر پلیٹس کے انتظار میں بیٹھے شہریوں کو فوری ریلیف ملے گا۔

مزیدخبریں