وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈپٹی سپیکر کی ملاقات، جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو

11:13 AM, 21 Jul, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران ملک ظہیر اقبال چنڑ نے پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ ترقی کی نئی راہوں پر چل پڑا ہے۔ انہوں نے جنوبی پنجاب، خصوصاً بہاولپور میں صحت کی سہولیات کی بہتری، خاص طور پر برن سنٹر کے قیام پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

ڈپٹی اسپیکر نے "فیلڈ ہسپتال"، "کلینک آن ویل" اور "مریم نواز ہیلتھ کلینک" جیسے منصوبوں کو صحت کے شعبے میں انقلابی اقدام قرار دیا۔ انہوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تمام شہروں کی یکساں ترقی کے وژن کو "گیم چینجر" قرار دیتے ہوئے ایئر ایمبولینس سروس، فیلڈ ہسپتالز اور تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات کو بھی سراہا۔

ملاقات میں بہاولپور میں ایک نئے چلڈرن ہسپتال کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی، جسے سول ہسپتال کے قریب تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کا تفصیلی پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ترقی ان کے دل کے بہت قریب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور عوامی فلاح پر مبنی فیصلے ان کے وژن کا اہم حصہ ہیں۔

اختتام پر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں حقیقی ترقی ہو رہی ہے، اور عوامی مفاد کو ترجیح دینا موجودہ حکومت کا خاصہ ہے۔

مزیدخبریں