لاہور: پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالاننگ اور وصولی کے لیے اہم فیصلے کر لیے گئے۔ اب خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کو بغیر ویڈیو یا تصویر کے چالان جاری نہیں کیا جائے گا۔
ٹریفک حکام کے مطابق، ہر خلاف ورزی کی 5 سیکنڈ کی ویڈیو باڈی کیم یا موبائل کیمرے سے بنا کر متعلقہ گاڑی کے مالک کو فون پر بھیجی جائے گی۔ چالان کیو آر کوڈ کے ذریعے جاری ہوگا، جو شہریوں کو موبائل پر میسج کی صورت میں ملے گا۔
ٹریفک حکام کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ہر خلاف ورزی کی ویڈیو یا تصویر محفوظ کریں۔ گاڑیوں کا ڈیٹا اور موبائل نمبر محکمہ ایکسائز سے حاصل کیے جا رہے ہیں۔ قانون میں ترمیم کے بعد چالان کی بروقت وصولی کو یقینی بنانے کے لیے سمری جلد حکومت کو بھجوائی جائے گی۔