کسی محرومی کو جواز بنا کر صرف تقریریں جھاڑنا آسان ہے: عظمیٰ بخاری 

01:45 PM, 21 Jun, 2026

لاہور:پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں مریم نواز حکومت کے 100 سے زائد ترقیاتی منصوبوں کا دفاع کرتے ہوئے مخالفین اور ناقدین کو کڑے ہاتھوں لیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کی محرومی کو جواز بنا کر تقریر کرنا بہت آسان کام ہے، لیکن پنجاب حکومت صوبے بھر میں یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔

نام لیے بغیر اپنی ہی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی پر طنز کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ "ہمارے کچھ اپنے بھی ایوان میں ہیں جنہیں اچانک جنوبی پنجاب کا خیال آ گیا ہے اور وہ الگ صوبہ مانگ رہے ہیں۔" انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر محرومیوں کی بات ہے تو کراچی اور پشاور میں بھی بہت زیادہ محرومیاں ہیں، کیا وہاں یہ لوگ الگ صوبہ مانگتے ہیں؟ انہوں نے یاد دلایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے الیکٹرک بسوں کا انقلابی منصوبہ سب سے پہلے جنوبی پنجاب ہی سے شروع کیا تھا، اس لیے تنقید بالکل بلاجواز ہے۔

صوبائی وزیر نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے حوالے سے ایوان کو بتایا کہ  چند دنوں میں بسوں کی آمد: پنجاب حکومت کی جانب سے آرڈر کی گئی 1100 الیکٹرک بسوں کی بڑی کھیپ چند ہی دنوں میں پنجاب پہنچ رہی ہے۔
 رواں سال دسمبر تک پنجاب کی کوئی بھی تحصیل الیکٹرک بسوں سے خالی نہیں ہوگی۔ جنوبی پنجاب میں پہلے ہی 125 الیکٹرک بسیں دی جا چکی ہیں اور اب خانیوال و لیہ میں بھی ان کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ حکومت فری ٹرانسپورٹ کے لیے 80 کروڑ روپے کی سبسڈی دے چکی ہے۔

پی ٹی آئی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بے بنیاد الزام تراشی پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے اور اپوزیشن لیڈر کی گفتگو میں عوام کے لیے کوئی بات نہیں تھی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی کے ایم پی ایز شدید دباؤ میں ہیں اور صرف سوشل میڈیا کی گالیوں سے بچنے کے لیے ایوان میں شور شرابہ کرتے ہیں اور علیمہ خان کو صفائیاں پیش کرتے نظر آتے ہیں۔ 9 مئی کی تمام ویڈیوز موجود ہیں لیکن ثبوت مانگے جانے پر ان کے پاس کچھ نہیں ہوتا۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے طلبہ کو 33 ہزار وظائف اور وہاں 13 ارب روپے سے 'اسکول میل پروگرام' کامیابی سے چل رہا ہے، جبکہ 'ستھرا پنجاب' اور 'اپنی چھت، اپنا گھر' اسکیم کے ذریعے عوام براہِ راست مستفید ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں