پنجاب میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نئی پالیسی کی تیاری، مریم اورنگزیب

03:32 PM, 21 Nov, 2025

لاہور:سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے بچوں کے تحفظ کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور پنجاب ملک کا پہلا صوبہ بن رہا ہے جہاں چائلڈ پروٹیکشن پالیسی باقاعدہ متعارف کرائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کا تحفظ معاشرتی ذمہ داری ہے، اور بیورو نہ صرف بے سہارا بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کر رہا ہے بلکہ انہیں معیاری تعلیم بھی دی جا رہی ہے۔ بچوں کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے مختلف پروگرام بھی جاری ہیں۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور ساؤتھ پنجاب میں سکول نیوٹریشن پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے تاکہ بچوں میں غذائی قلت کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام بھٹوں کی جیومیپنگ اور کیو آر کوڈنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ روایتی اینٹ بھٹوں کو مرحلہ وار ختم کر کے سرکاری عمارتوں کی تعمیر ماحول دوست بلاک بیسڈ ٹیکنالوجی پر منتقل کی جا رہی ہے۔

سینئر وزیر نے سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کے اقدامات کی بھی تعریف کی، جنہوں نے بھٹوں پر بچوں کی مزدوری کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال اس شعبے پر توجہ نہیں دی گئی، لیکن وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس پالیسی کو بحال کر کے مزید مضبوط بنیاد فراہم کی۔

مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ امریکی کانگریس کے پاکستان کاکس نے بچوں کے تحفظ اور مریم نواز کے وژن کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جبری مشقت کا خاتمہ اور ماحول دوست صنعتوں کی ترقی مریم نواز کے ترقیاتی منصوبوں کا لازمی حصہ ہیں۔

مزیدخبریں